بنگلورو۔7؍ستمبر(ایس او نیوز)جنتادل (ایس) قیادت کے خلاف بغاوت کرنے والے آٹھ اراکین اسمبلی کو نااہل قرار دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے پارٹی کی طرف سے جو عرضی دائر کی گئی تھی ،ریاستی اسمبلی اسپیکر کے بی کولیواڈ نے اس عرضی کی سماعت کو تفصیلات کی کمی کے سبب 22؍ ستمبر تک ملتوی کردیا ہے۔ حال ہی میں ریاستی اسمبلی کے ذریعہ راجیہ سبھا اور لیجسلیٹیو کونسل انتخابات کے دوران جنتادل (ایس) کے آٹھ اراکین اسمبلی کی طرف سے پارٹی کے وہپ کو پامال کرتے ہوئے کراس ووٹنگ کئے جانے کا حوالہ دیتے ہوئے پارٹی نے ان تمام کو نااہل قرار دینے کی عرضی داخل کی ہے۔ پارٹی کے رکن اسمبلی بی بی ننگیا نے یہ عرضی داخل کی تھی۔ اس سلسلے میں اسمبلی اسپیکر نے ریاستی جنتادل (ایس) صدر ایچ ڈی کمار سوامی اور دیگر اراکین اسمبلی کے نام حاضری کیلئے نوٹس جاری کردئے ہیں۔بتایاجاتاہے کہ کمار سوامی نے اس سارے معاملے میں اپنا تحریری بیان اسمبلی اسپیکر کو روانہ کردیاہے اور کہا ہے کہ پارٹی کے سینئر رکن اسمبلی ننگیا نے جو شکایت کی ہے وہ بالکل بجا ہے۔ جے ڈی ایس کے باغی اراکین اسمبلی بشمول چلوورایا سوامی، ضمیر احمد خان ، رمیش بندی سدے گوڈا، ایچ سی بالکرشنا، اکھنڈا سرینواس مورتی ، کے گوپالیہ اور بھیمانائک کو اسمبلی سے نااہل قرار دیا جائے۔اس معاملے کی سماعت کرتے ہوئے اسپیکر کے بی کولیواڈ نے کہاکہ اس معاملے میں ضوابط کے مطابق کمار سوامی نے بحیثیت ریاستی جنتادل (ایس ) صدر تحقیقات کیلئے مناسب مواد فراہم نہیں کیا ہے۔جس کی بناء پر سماعت کو ملتوی کیا جارہاہے۔ اسپیکر نے ریاستی جنتادل (ایس) صدر ایچ ڈی کمار سوامی سے گذارش کی ہے کہ جلد از جلد اس معاملہ میں تفصیلات مہیا کرائی جائیں، تاکہ فیصلہ ہوسکے۔ اسپیکر نے یہ حکم دیا کہ ایک ہفتے کے اندر کمار سوامی اس ضمن میں تمام تفصیلات مہیاکریں۔